عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں مفت سفری سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی اور شہریوں کو ایک ماہ تک بغیر کرائے کے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹرانسپورٹ اخراجات کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے لیے ایک ارب اسی کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس کے ذریعے بسیں کرائے پر حاصل کی جائیں گی۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ خزانہ سات روزہ ایڈوانس بنیادوں پر فنڈز جاری کرے گا جبکہ نجی ٹرانسپورٹرز کو ہفتہ وار ادائیگیاں کی جائیں گی تاکہ نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
اس منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور خودکار ڈیٹا نظام متعارف کروانے کی تجویز شامل ہے تاکہ ادائیگیوں اور بس آپریشنز کو شفاف بنایا جا سکے،
حکام کے مطابق پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس پورے منصوبے کی نگرانی کرے گی اور تمام مالی معاملات کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو بھی براہ راست بسیں حاصل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر سہولت کی فراہمی میں تیزی لائی جا سکے۔
اگر یہ ماڈل کامیاب ثابت ہوتا ہے تو مفت سفری سہولت کے دورانیے میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو مالی ریلیف ملے گا بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔